sania 33

ثانیہ مرزا کی زندگی سلور سکرین کی زینت بنے گی

ممبئی: (ویب ڈیسک)
بھارتی ٹینس سٹار ثانیہ مرزا کی زندگی سلور سکرین کی زینت بنے گی، یہ فلم رونی اسکرو والا نے بنانے کا فیصلہ کیا ہے جس سے شائقین کو ثانیہ مرزا کی زندگی کے نشیب و فراز سے مکلم آگاہی حاصل کرنے کا موقع ملے گا۔

بالی وڈ میں ان دنوں پرانی فلموں کے ری میک بنانے کے ساتھ ساتھ معروف شخصیات کی زندگی پر فلم بنانے کا رجحان بھی پروان چڑھتا جارہا ہے جس کا اندازہ بھارتی کرکٹر دھونی، اظہر الدین، ہاکی کھلاڑی سندیپ سنگھ اور دیگر کھلاڑیوں کی زندگی بنی فلموں سے بخوبی لگایا جا سکتا ہے یہی وجہ ہے کہ دنیا میں اپنے فن سے شہرت کی بلندیوں پر پہنچنے والی ٹینس سٹار ثانیہ مرزا کی زندگی پر بھی فلم بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سٹار آل راؤنڈر شعیب ملک کی اہلیہ اور ٹینس سٹار ثانیہ مرزا کے قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ دیگر فنکاروں پر فلم بنانے کے بعد بہت سے لوگ ثانیہ مرزا کی زندگی پر فلم بنانے کا سوچ رہے تھے تاہم ٹینس سٹار کی زندگی پر فلم بنانے کا سہرا رونی اسکرو والا کے سر سج گیا ہے جوکہ اپنے تجربے سے فلم کو چارچاند لگائیں گے جب کہ فلم کی کہانی ثانیہ کی پیشہ ورانہ زندگی پر مبنی تو ہوگی لیکن فلم میں اُن کی ذاتی زندگی کو زیادہ اجاگر کیا جائے گا۔

ذرائع نے مزید انکشاف کیا کہ فلم کیلئے ہدایتکار کا حتمی انتخاب بھی جلد مکمل کرلیا جائے گا جس کے بعد فلم میکرز دیگر کرداروں کو کاسٹ کرنے کا عمل شروع کریں گے۔ واضح رہے کہ ثانیہ مرزا دنیا کی واحد ٹینس کھلاڑی ہیں جنہوں نے ڈبل سیٹ میں 6 گرینڈ سلیم ٹائٹل اپنے نام کئے جب کہ وہ اپنے فنی کیریئر میں 2013 کی ویمبلڈن چیمپیئن شپ بھی جیت چکی ہیں اور اپنی کامیابی کی بدولت بہت سے ایوارڈز بھی حاصل کر چکی ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں