yousaf 38

اختیارات کا ناجائز استعمال: نیب نے یوسف رضا گیلانی کیخلاف ریفرنس دائر کردیا

راولپنڈی: نیب نے سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے خلاف ریفرنس دائر کردیا۔

قومی احتساب بیورو (نیب) کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق نیب راولپنڈی نے سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے خلاف ریفرنس اختیارات کے ناجائز استعمال پر دائر کیا۔نیب کے مطابق ریفرنس میں وزارت اطلاعات کےسابق ملازم فاروق، سلیم، حسن، حنیف، انعام اور ریاض کو بھی شریک ملزم بنایا گیا ہے۔

نیب اعلامیے میں بتایا گیا ہےکہ ملزمان نے یونیورسل سروسز فنڈ سے متعلق غیر قانونی تشہیری مہم چلائی اور ان کے اس اقدام سے قومی خزانے کو 128 ملین روپے کا نقصان ہوا۔واضح رہےکہ یوسف رضا گیلانی پیپلزپارٹی کے 2008 سے 2013 کے دور حکومت میں وزیراعظم رہے تاہم وہ اپنی مدت مکمل نہ کرسکے اور سپریم کورٹ سے توہین عدالت کیس میں سزا پاکر نااہل ہوئے۔

یوسف رضا گیلانی کے خلاف ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان (ٹڈاپ) کے حوالے سے بھی کرپشن کا ریفرنس زیرسماعت ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں