Fazal Rahman 11

مسئلہ کشمیر کا حل بے حد ضروری ہے‘مولانا فضل الرحمن

چیچہ وطنی۔
جمیعت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانافضل الرحمٰن نے کہا ہے کہ خطے میں پائیدار امن کے قیام کیلئے مسئلہ کشمیر کا حل بے حد ضروری ہے، انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں کوکشمیر میں ہونیوالے بھارتی مظالم پر مؤثر آواز اٹھانی چاہیئے ،چیچہ وطنی میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا بھارتی فوج نہتے کشمیریوں پر انسانیت سوز مظالم ڈھا رہی ہے اور حق خود ارادیت کیلئے احتجاج کرنیوالوں پر گولیاں برسائی جارہی ہیں۔

اقوام عالم کوخاموشی اختیار کرنے کی بجائے مسئلہ کے حل کیلئے بھارت پردباؤ ڈالنا چاہیئے،انہوں نے کہا بھارتی آرمی چیف کا حالیہ بیان کھلی جارحیت ہے بھارت نے کوئی حماقت کی تو پاکستانی فوج اور قوم سیسہ پلائی ہوئی دیوار بن کراس کے جارحانہ عزائم خاک میں ملادے گی،ایک سوال پر انہوں نے مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں شہباز شریف کی گرفتاری کی مذمت کی۔

مولانا فضل الرحمٰن نے کہا سیاست میں کوئی چیزحرف آخرنہیں ہوتی، اب بھی پیپلز پارٹی،مسلم لیگ(ن) اور دیگر اپوزیشن جماعتوں کے ایک پلیٹ فارم پرمتحد ہونے کے مواقع موجود ہیں،انکا کہنا تھا کہ ملکی سلامتی کے ایشو پر ہم سب ایک پیچ پر ہیں اور 14،اکتوبر کے ضمنی انتخابات میں ہماری جماعت پنجاب میں مسلم لیگ(ن) کوسپورٹ کریگی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں