Amir Khan 20

فلم ’’ٹھگ آف ہندوستان‘‘ کے ٹریلر پر شائقین کی تنقید نے عامر خان کو پریشان کردیا

ویب ڈیسک
ممبئی: بالی ووڈ کے مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان فلم ’ٹھگس آف ہندوستان‘ کا ٹریلر ریلیز ہونے کے بعد شائقین کی تنقید سے فکرمند دکھائی دینے لگے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان کے قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ عامر خان وہ شخص ہیں جوکہ ہمیشہ شائقین کی جانب سے اپنی فلم کے حوالے سے آنے والے ردعمل پر گہری نظر رکھتے ہیں یہی وجہ ہے کہ وہ فلم ’ٹھگس آف ہندوستان‘ کے ویژول ایفیکٹس (وی ایف ایکس) پر سوشل میڈیا پر ہونے والی تنقید کو لے کر کافی پریشان ہیں۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ عامر خان اس تنقید کو لے کر اپنی ٹیم سے مسلسل رابطے میں ہیں اور فلم کی ریلیز سے قبل اس ویژول ایفیکٹس میں مزید بہتری کے لیے کوشش میں لگے ہوئے ہیں۔ اس حوالے سے انہوں نے اپنی ٹیم کو پیغام بھی دیا ہے کہ ویژول ایفیکٹس اعلیٰ درجے کے ہونے چاہئیں اور اس میں کسی قسم کی کسر نہ چھوڑی جائے۔

واضح رہے کہ عامر خان اور امیتابھ بچن کی فلم ’ٹھگس آف ہندوستان‘ 7 نومبر کو دیوالی کے موقع پرریلیز کی جائے گی، فلم میں اداکارہ کترینہ کیف اور فاطمہ ثنا شیخ بھی اہم کرداروں میں نظر آئیں گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں